پرویز احمد
سرینگر // رعناواری کے کلوال محلہ میں جمعرات کو بعد دوپہر آگ کی ایک ہولناک واردات میں 2مکانات خاکستر ہوگئے جبکہ تیسرے مکان کو جزوی طور نقصان پہنچا ۔ فائر سٹیشن رعناواری کے مطابق جمعرات کو 2بجے ایک تین منزلہ مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے نزدیک ہی ایک اور2منزلہ مکان کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ سے خاکستر ہونے والے مکانوں میں ریاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ کا 3منزلہ رہائشی مکان، بہادر شیخ ولد محمد رمضان شیخ کا 2منزلہ رہائشی مکان جبکہ محمد الطاف شیخ ولد عبدالغفار شیخ ساکن کلوال محلہ رعناواری کے مکان کو جزوی طور نقصان پہنچا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے افسران نے بتایا کہ آتشزدگی کی خبر ملتے ہی فائر اسٹیشن رعناواری نے فورا جائے واردات پر جاکر آگ پر قابو پانے کی کاروائی شروع کی ۔ آگ بجھانے کی اس کارروائی میں فائر اسٹیشن بابہ ڈیمب اور فائر ہیڈ کواٹر نے بھی تعاون کیا ۔