جموں//دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان نے بی ڈی او دفتر پونچھ کے3 ملازمین کو رشوت ستانی کے الزامات کی بناء پر معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔پونچھ بلاک کے باشندگان کی طرف سے شکایات کے بعد وزیر نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ پونچھ کو ہدایت دی کہ وہ3 اہلکاروں سنیئر اسسٹنٹ بلاک پونچھ پوشکر راج، سیکرٹری پنچائت منگنار بلاک جاوید علی اور جی آر ایس بلاک پونچھ کے محمد اعظم کو فوری طور معطل کر کے اے سی ڈی کے دفتر کے ساتھ منسلک کریں۔وزیر نے معاملے کی تحقیقات کے لئے3 رُکنی کمیٹی تشکیل دینے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات دُرست پانے پر ان کے خلاف معقول کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں کسی بھی طرح کی رشوت ستانی کی کوئی جگہ نہیں ہے اور موجودہ سرکاعر رشوت ستانی سے پاک انتظامیہ کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔