راجوری//شفافیت اور جوابدہی کو موجودہ مخلوط سرکار کا خاصا قرار دیتے ہوئے پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے موجودہ سرکار میں رشوت خور افراد کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے کالا کوٹ راجوری میں ایک عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ علاقہ جات کے لوگوں نے پانی و بجلی سپلائی میں بہتری ، سڑک رابطوں کی بہتری ، بیواؤں کے پنشن اور بے روز گار نوجوانوں کیلئے خصوصی کیمپوں کا اہتمام کرنے جیسے معاملات وزیر کے سامنے رکھے جس کے جواب میں انہوں نے وقتِ مقررہ پر جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے موجودہ افسران کو وقت پر عوامی مشکلات کے ازالے اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر زور دیا ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے ترقیاتی منظر نامے کو تبدیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام کو آگے آ کر سرکار کے مختلف بہبودی پروگراموں سے استفادہ کرنے کی تلقین کی ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم کالا کوٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔