سرینگر //تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے تعلیم کو سیاست اور رشوت سے پاک بنانے پر زور دیتے ہوئے ریاست میں تعلیمی محکمہ کو ایک مثالی محکمہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر موصوف نے یہ خیالات ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ظاہر کئے جو سکولی تعلیم محکمہ کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی ۔ میٹنگ میں کئی ارکانِ قانون سازیہ نے شرکت کر کے محکمہ تعلیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔ ارکانِ قانون سازیہ کو تعلیم کے تئیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرنے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں جدیدیت اور بہتری لانے کیلئے سب کو یکجا ہو کر کام کرنا چاہئے ۔ میٹنگ میں وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ ، تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی ۔ ارکانِ قانون سازیہ میاں الطاف احمد، شیخ الطاف ، محمد اشرف میر ، نور محمد شیخ ، حکیم محمد یاسین ، انجم فاضلی اور محمد خورشید عالم کے علاوہ سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر وزیر تعلیم نے کہا کہ سکولوں کی ضروریات کا جائیزہ لینے کیلئے وہ ذاتی طور ہر حلقہ انتخاب کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں اور انہیں بہتر تعلیم فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ ارکانِ وقانون سازیہ کی تجاویز پر بخاری نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی کہ اس ضمن میں جائیز مطالبات اور مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ وزیر موصوف نے مختلف سکولوں میں خالی پڑی ہیڈ ماسٹر کی آسامیوں کو 15 روز کے اندر پُر کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ کے دوران اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ مقرر کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔