چنئی// یو این آئی//ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف جمعہ سے یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹسٹ سے قبل شام یہاں یہ واضح کیاہے کہ وکٹ کیپر رشبھ پنت وکٹ کے پیچھے ذمہ داری سنبھالیں گے اور اس میچ میں چائنامین گیندباز کلدیپ یادو کو بھی موقع مل سکتا ہے ۔وراٹ نے پہلے ٹیسٹ سے قبل یہاں ورچوئل پریس کانفرنس میں ٹیم کے توازن کے سلسلے میں اپنی حکمت عملی کو واضح کیا۔ کپتان نے کہا ، "رشبھ کل وکٹ کے پیچھے اپنی ذمہ داری ادا کریں گے ۔ ان کی حالیہ کارکردگی شاندار رہی ہے ۔ وہ وائٹ بال فارمیٹ کا حصہ نہیں تھے لیکن انہوں نے وکٹ کیپنگ میں اپنی محنت جاری رکھی تھی۔ ہم نے ان کی یکساں طور پر حمایت کی ہے اور آپ نے آسٹریلیا میں اس کے اچھے نتائج دیکھے ہوں گے ۔ وہ ایسے کھلاڑی ہیں جن سے حریف ٹیمیں مستقبل میں ڈریں گی۔ پنت نے سڈنی میں ڈرا ہوئے ٹسٹ میچ میں میچ بچانے والی اننگز کھیلی تھی اور برسبین کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں میچ جیتنے والی اننگز کھیلی تھی۔ اس کارکردگی کا پنت کو اب گھریلو زمین پر بھی فائدہ ملتا نظرآرہا ہے جہاں ٹیم انتظامیہ اور کپتان نے انہیں تجربہ کار وکٹ کیپر ردھمان ساہاسے زیادہ ترجیح دی ہے ۔وراٹ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ چائنامین گیندبازکلدیپ یادو پہلے ٹسٹ میں کھیل سکتے ہیں۔ کپتان نے کہا،‘‘ ہمیں ٹیم میں ایک توازن بنانا ہے ۔ گھریلو زمین پر اسپنروں کو زیادہ مدد ملتی ہے اور ایسے میں کلدیپ جیسے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیائی دورے میں زیادہ میچ نہیں کھیلے تھے ۔ نیوزی لینڈ کے حالات تینوں اسپنرز کے مطابق نہیں تھے اور کلدیپ نے بھی اس بات کو سمجھا ہے لیکن گھریلو سیزن میں ہمیں ان کی ضرورت نظرآرہی ہے۔