تھنہ منڈی// رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے پر تھنہ منڈی کے لوگوں نے بھاجپا حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بھاجپا کے دور میں اور کوئی کام تو نہیں ہوالبتہ مہنگائی میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا۔ ان کاکہناہے کہ رسوئی گیس 600سے 650،پھر700اوراب815روپے کردیاگیاہے جس کو خرید پانا غریب کے بس کی بات ہی نہیں رہی ۔فضل حسین ، نثار احمد ، محمد سلطان وغیرہ نے کہاکہ صارفین سخت مشکلات سے دوچار ہیں ،دوسال قبل حکومت بڑے بڑے دعوے کررہے تھی تاہم اقتدار سنبھالتے ہی تما م دعوے سراب ثابت ہوگئے اورمہنگائی روز بروز بڑھ رہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ عام آدمی کو راحت نام کی کوئی چیز ہی میسر نہیں جبکہ سرکاری کارندے عوام پر ڈالے گئے اس بوجھ سے عیش وعشرت کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بھاجپا سرکار اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو راحت پہنچانے کی بات کررہی تھی اور مہنگائی پر قابوپانے کے لئے بھی عوام کا اعتمادجیتا تھا تاہم اب سب کچھ اس کے برعکس کیاجارہاہے ۔ انہوں نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے رسوئی گیس کی قیمت میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ۔