سرینگر//رام باغ بنڈ کے عقب میں واقع مہجور نگر کی رحیم باغ کالونی میں پمپ سٹیشن کی عدم موجودگی میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ علاقے میںمذکورہ سٹیشن کے لئے تعمیر شدہ ڈرینیج سسٹم بے کار پڑا ہوا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ سٹی ڈرینیج سیول ڈویژن نے کئی سال قبل لاکھوں روپے خرچ کرکے علاقے میں پانی کی نکاسی کے لئے ڈرینیج سسٹم تعمیر کیا جو پمپ سٹیشن کی غیر موجودگی کی وجہ سے بے کاپڑا ہے۔ کالونی کی ویلفیئر ایکشن کمیٹی کے صدر عبد العزیز بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ مذکورہ محکمہ علاقے کے کئی مسائل حل کرنے کے حوالے سے گذشتہ برسوں سے ناکام ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ مزکورہ کام سرکاری غفلت شعاری،بد عنوانی اورغیر مقامی سیاسی کارکنوں کی بے جا سیاسی مداخلت کی بد ترین مثال بن چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے وزیرتعلیم و ممبر اسمبلی سید محمد الطاف بخاری سے ذاتی طورمعاملے کا جائزہ لے کرعلاقے میں فوری طور پمپ سٹیشن نصب کرنے کی اپیل کی ہے۔