عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) کے رجسٹرار ابھیشیک شرما نے جامع دورہ کرتے ہوئے یونیورسٹی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور طلباء کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا۔رجسٹرار نے فیکلٹی کوارٹرز اور گیسٹ ہاؤس کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ان سہولیات کی تزئین و آرائش کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ڈے کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لئے کھیلوں کے سازوسامان فراہم کرنے کا حکم دیا۔طالبات کی رہائش کے مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹرار نے نرسنگ کالج کے لئے علیحدہ گرلز ہاسٹل کی تعمیر کی ہدایت دی، تاکہ طالبات کو محفوظ اور بہتر رہائشی سہولیات میسر ہوں۔رجسٹرار نے کیمپس کی خوبصورتی پر بھی زور دیا، خاص طور پر فاؤنٹین گیٹ کے اطراف کی تزئین اور کیمپس میں سائن بورڈز کی تنصیب کی ہدایت کی تاکہ طلباء اور مہمانوں کو آسانی سے راستہ مل سکے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ایک اہم چوک کو بریگیڈیئر محمد عثمان کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز بھی دی، تاکہ ان کی قربانی اور قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔طلباء اور ملازمین کے بچوں کے لئے تفریحی سہولیات میں اضافے کے طور پر رجسٹرار نے بچوں کے پارک اور ٹریکنگ ٹریک بنانے کی تجویز بھی دی۔حفاظتی اقدامات کے تحت انہوں نے کیمپس میں سی سی ٹی وی کیمرے اور اسٹریٹ لائٹس کی مناسب تنصیب کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں، انڈور اسٹیڈیم کی مجوزہ جگہ کا معائنہ بھی کیا گیا، جہاں نشانہ بازی، اولمپک سطح کے کھیلوں اور تیر اندازی جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔اس دورے میں چیف پلاننگ آفیسر مقصود احمد، ڈاکٹر پرویز عالم، ڈاکٹر شمس کمال انجم، ڈاکٹر ٹی ٹی زاویئر اور جوائنٹ رجسٹرار قاسم کوہلی بھی ہمراہ تھے۔