جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانا نے غریب لوگوں کے لئے ان کی وسعت کے مطابق مکان فراہم کرنے کووقت کی اہم ضرورت قراردیاہے۔انہوں نے کہاکہ سبھی لوگوں کومکانات کی دستیابی ہمارامشن ہوناچاہیئے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار یہاں حلقہ انتخاب نگروٹہ کی پنچایت دھن کے موضع دھن سو میں اور شانومیں کم لاگت کے مکانوں کی تعمیرکاسنگ بنیادرکھتے ہوئے کیا۔ایم ایل اے نگروٹہ دویندررانانے یہ معاملہ رتن ٹاٹا کے ساتھ اٹھا تھاجس کے نتیجہ میں یہ سنگ بنیادرکھاگیا۔ غریبوں خصوصی طورسے سماج کے شیڈولڈکاسٹ طبقہ کے تئیں انسانی ہمدردی کے جذبے کوسراہتے ہوئے رانانے رتن ٹاٹاکاشکریہ ادا کیا۔رتن ٹاٹا نے دویندرراناکی استدعاپر گائوں میں ایک ٹیم بھیجی تھی۔انہوں نے کہاکہ ان کم لاگت کے مکانوں کی تعمیرسے بے گھرلوگوں کودرپیش مکانیت کامسئلہ حل ہوجائے گا۔