کرمسد(گجرات) //بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے آج الزام لگایا کہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اعدادوشمار کو نظر انداز کرکے گجرات کی ترقی کا مذاق اڑارہے ہیں ۔ مگر اس سال اسمبلی انتخابات کے بعد گجرات کے عوام انہیں آئینہ دکھادیں گے ۔میں وکاس ہوں، میں گجرات ہوں کے نعرے کے ساتھ وسطی گجرات میں سردار پٹیل کی جائے پیدائش کرمسد سے شروع ہوئی برسراقتدار بی جے پی کی پہلی گجرات گورو یاترا کو ہری جھنڈی دکھانے کے لئے منعقد تقریب میں مسٹر شاہ نے یہ الزام لگایا کہ مسٹر گاندھی کی تین تین پیڑھیوں نے گجرات کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ کانگریس نے سردار پٹیل کے مجسمے کوپارلیمنٹ کمپلکس میں لگانے کی اجازت نہیں دی اور انہیں بھارت رتن بھی نہیں دیا۔ مسٹر شاہ نے گجرات میں 1995 تک کانگریس کے اقتدار اور اس کے بعد 22 سال کے بی جے پی کے دور اقتدار میں ہوئی ترقی کا تفصیل سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ گجرات بی جے پی کے دور میں ملک میں نمبر ایک ریاست بن گیا ہے ۔یہاں فی کس آمدنی 13665 روپے سے بڑھ کر 141504 روپے ہوگئی ہے ۔زراعت اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں زبردست ترقی ہوئی ہے ۔ لیکن راہل گاندھی کو یہ سب نظر نہیں آتا اور وہ گجرات کی ترقی کا مذاق اڑارہے ہیں مگر انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کے روز ہی انہیں معلوم ہوجائے گا کہ گجرات کی جنتا نے انہیں آئینہ دکھادیا ہے ۔مسٹر شاہ نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد ریاست میں ایمس، بلٹ ٹرین، نرمدا پروجیکٹ، راجکوٹ بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور رہائشی پروجیکٹوں سمیت کئی بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کو منظوری ملی ہے اور اب دہلی اور گجرات دونوں جگہ بی جے پی حکومت ہونے سے ترقی ڈبل انجن کے ذریعہ ہوگی۔گجرات گورو یاتراکے پہلے مرحلے کی قیادت کرنے والے نائب وزیراعلی نتن پٹیل نے بھی مسٹر گاندھی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو یہ پتہ نہیں چل پاتا کہ راہل بچے ہیں یا بالغ، ان کی عمر خواہ کتنی ہو یہ ظاہر ہے کہ وہ ذہنی طور پر بالغ نظریا تجربہ کار نہیں ہیں۔یو این آئی۔