سرینگر//سول لائنزمیں کئی مقامات پر سی آر پی ایف کی طرف سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر خار دار تار اور دیگررکاوٹیں راہ گیروں اور مسافروں کیلئے سخت مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ریگل چوک میںگذشتہ کئی برسوں سے ریذیڈنسی روڈ پر سی آر پی ایف نے کئی میٹر سڑک اور فٹ پاتھ پر خاردار تار اور دیگر رکاوٹیں کھڑاکر رکھی ہیں۔ سٹیٹ بنک آف انڈیا کی عمارت کی حفاظت پر تعینات عملے نے فٹ پاتھ اورکئی میٹر سڑک کو خاردار تار اور دیگر بندشیں لگا کر راہگیروں اور مسافرو ں کیلئے پریشانی کھڑا کی ہے۔ اس سڑک پر پہلے سے ہی ٹریفک کا بھاری دبائوہوتا ہے تاہم پچھلے کئی برسوں سے یہ خار دار تار اور دیگر بندشیں بھی ٹریفک جام کی ایک بڑی وجہ ہے جس سے راہگیروں اور مسافروں کو چلنے پھرنے میں دقتیں پیش آتی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بنک عمارت کو خار دار تار سے بند رکھناٹھیک ہے لیکن سڑک کے کچھ حصے اور فٹ پاتھ پر قبضہ سے راہ گیروں کو یہاں بیچ سڑک پر چلنا پڑتا ہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ شہر میں کئی ایسی سڑکیں اور چوراہے ہیں جہاں فورسز کا غیر قانونی قبضہ ہے تاہم انتظامیہ اور سرکار ان بندشوں کو ہٹانے کے حوالے سے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لاتی۔اگر چہ سال میں کئی مرتبہ پولیس اورٹریفک پولیس سڑکوں پر غیر قانونی طور کھڑا کی گئی گاڑیو ں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے والے چھاپڑی فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے دکھائی دیتے ہیں تاہم فورسز کی جانب سے سڑکوں اورفٹ پاتھوں پرکئے گئے قبضے کو چھڑانے میں کوئی پہل نہیںہورہی ہے جس سے لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔