راہل گاندھی کی ہدایت پر پونچھ میں جنگی متاثرین کے 30یتیم بچوں کو تعلیمی امداد فراہم

Mir Ajaz
3 Min Read

طارق حمید قرہ و دیگر لیڈران کی موجودگی میں امدادی چیک تقسیم ،لوگوں نے شکریہ ادا کیا

پونچھ//کانگریس کے سینئر رہنماؤں اور انڈین یوتھ کانگریس (IYC) کی قیادت میں پونچھ میں جنگی متاثرین کے 30 یتیم بچوں کو مالی و تعلیمی امداد فراہم کی گئی۔ یہ امداد راہل گاندھی کی خصوصی ہدایت پر دی گئی جنہوں نے لیڈر آف اپوزیشن کی حیثیت سے پارٹی اکائی کو ہدایت دی تھی کہ وہ جنگ زدہ علاقوں میں یتیم بچوں کی مدد کریں۔اس سادہ مگر باوقار تقریب میں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ ،انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادھے بھانو چب، پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر رمن بھلہ ، اے آئی سی سی کے سیکریٹری شاہنواز چوہدری، سابق چیئرمین قانون ساز کونسل جہانگیر میر، ضلع صدر راجندر سنگھ کاکا،ڈی ڈی سی سائین عبدالرشید، آئی وائی سی سیکریٹری اعجاز چوہدری، تاج حسین میر ودیگران موجود تھے ۔تقریب میں ان 30 بچوں اور ان کے اہل خانہ کو تعلیمی و مالی امداد کے چیک فراہم کئے گئے جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران پاکستانی گولہ باری میں اپنے والدین اور کفیل افراد کو کھو دیا تھا۔ اس واقعے میں 13 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے تھے۔طارق حمید قرہ نے کہا کہ راہل گاندھی نے اپنے دورہ پونچھ کے دوران نہ صرف متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی بلکہ ایک اسکول کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ایسے بچوں کی نشاندہی کی جائے جنہیں تعلیم جاری رکھنے کے لئے مدد کی اشد ضرورت ہے۔انڈین یوتھ کانگریس نے راہل گاندھی کی رہنمائی میں اس پہل کو عملی جامہ پہنایا اور مستحق بچوں کی فہرست تیار کر کے ان کی مدد کی گئی۔ قرہ نے آئی وائی سی کی اس مقدس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے انسانیت کی خدمت ہوتی ہے۔انڈین یوتھ کانگر یس کے صدر ادے بھانو چب نے کہا کہ یہ پہل راہل گاندھی کے وڑن کا نتیجہ ہے جو ہمیشہ مظلوموں اور متاثرین کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ امداد بچوں کی تعلیم میں مددگار ثابت ہوگی اور سماج کے دیگر مخیر افراد بھی ایسے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

Share This Article