یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کا قافلہ بدھ کو دہلی اتر پردیش سرحد پر روکے جانے کے خلاف اپوزیشن اراکین نے احتجاجاً لوک سبھا سے واک آؤٹ کیا۔ایوان میں کانگریس کے محمد جاوید نے گاندھی کو غازی آباد سرحد پر روکے جانے کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے رہنما سنبھل میں متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرنے سنبھل جارہے تھے لیکن انہیں روک دیا گیا۔ اتر پردیش پولیس نے دہلی اتر پردیش سرحد پر انہیں روک دیا۔ انہوں نے اس واقع کو قابل اعتراض قرار دیا۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین مشتعل ہوگئے اور ان کی بات کی حمایت کی۔اپوزیشن اراکین کے خیالات پر حکمراں جماعت کی جانب سے مداخلت بھی کی گئی تاہم شور شرابے کے درمیان اپوزیشن کے کچھ اور اراکین اٹھ کر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے ۔قبل ازیں وقفہ صفر کے دوران جاوید نے بہار کے کشن گنج علاقے میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کھولنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد ہی انہوں نے گاندھی کو پولیس کے ذریعے روکے جانے کا معاملہ اٹھایا۔ اس پر اپوزیشن اراکین بشمول کانگریس، سماج وادی پارٹی، ڈی ایم کے ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار)، ترنمول کانگریس کے اراکین نے واک آؤٹ کیا۔
راہل گاندھی کا قافلہ یو پی سرحد پر روکا گیا | اپوزیشن اراکین کا لوک سبھا سے واک آؤٹ
