سمت بھارگو
راجوری //لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی آج یعنی ہفتہ کو ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ حالیہ سرحدی کشیدگی کے دوران پاکستان کی طرف سے ہونے والی شدید شلنگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور ان علاقوں کا معائنہ کریں گے جنہیں 7سے 10 مئی کے درمیان بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ راہل گاندھی آج 24مئی بروز ہفتہ کو جموں و کشمیر کے پونچھ علاقے کے دورے پر ہوں گے اور اس دوران وہ پونچھ علاقے میں پاکستانی گولہ باری کے متاثرین سے ملاقات کریں گے ۔انہوں نے کہا ‘‘لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کل 24ئی کو پونچھ کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ پاکستان کی حالیہ گولہ باری سے متاثر ہوئے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق، راہل گاندھی کانگریس کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پونچھ پہنچیں گے اور متاثرہ دیہات و قصبوں کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ اْن خاندانوں سے بھی ملیں گے جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس سرحدی تصادم میں کھو دیا ہے۔کانگریس کے ایم ایل اے راجوری، افتخار احمد، جو راہل گاندھی کے اس دورے کے سلسلے میں پونچھ میں ہی قیام پذیر ہیں، نے میڈیا کو بتایاکہ ’’لوگ تکلیف میں ہیں، غم میں ہیں، اور ہمارے رہنما راہل گاندھی ان کا درد بانٹنے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے آ رہے ہیں‘‘۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی متاثرہ مقامات پر بنکروں ،طبی سہولیات، اسکولوں اور دیگر شہری ڈھانچے کی حالتِ زار کا جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے حکومتِ ہند پر دباؤ ڈالیں گے کہ سرحدی علاقوں کے مکینوں کے لئے مستقل، پائیدار اور انسانی ہمدردی پر مبنی پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔اس دوران پردیش کانگریس سربراہ طارق حمید قرہ نے کہاکہ اس دورے کا مقصد غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور متاثرہ علاقوں میں املاک کے نقصان کی حد کا معائنہ کرنا ہے۔قرہ نے کہا کہ یہ دورہ خصوصی طور پر پونچھ پر مرکوز ہے، جس نے گولہ باری کا سامنا کیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 15 معصوم شہری جانیں ضائع ہوئیں اور گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو کافی نقصان پہنچا۔قرہ نے کہا’’بنیادی مقصد ان لوگوں کا درد بانٹنا ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور تباہ شدہ اداروں کا دورہ کرنا ہے۔ یہ ہمدردی اور یکجہتی کا دورہ ہے‘‘۔قرہ نے سرحدی باشندوں کو درپیش مسائل کو بھی جھنجھوڑ دیا جس میں ناکافی بنکرور ناکافی طبی سہولیات شامل ہیں۔ انہوںنے کہا”پونچھ اور راجوری کے تفصیلی دورے کے بعد، میں نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں ان مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ پچھلی انتظامیہ میں تعمیر کیے گئے بہت سے بنکر ساختی سالمیت سے محروم ہیں اور استعمال کے قابل نہیں ہیں، کچھ کے پاس مناسب اوپر کا احاطہ بھی نہیں ہے‘‘۔