یو این آئی
نئی دہلی// لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی بھی سیلاب زدہ پنجاب اور ہماچل پردیش کا دورہ کریں گے ۔کانگریس ذرائع کے مطابق مسٹر گاندھی کے دورے کا وقت ابھی طے نہیں ہوا ہے ، لیکن وہ اسی ہفتے ہماچل پردیش اور پنجاب جائیں گے اور وہاں سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ مسٹر گاندھی سیلاب کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ متاثرین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسٹر گاندھی سیلاب کی صورتحال کے سلسلے میں برابر ہماچل حکومت کے رابطے میں ہیں۔جب ان سے یہ سوال گیا کہ کیا مسٹر گاندھی سیلاب متاثرہ اتراکھنڈ بھی جائیں گے ، تو ذرائع نے بتایا کہ اس بارے میں ابھی ان کے پاس کوئی اطلاع نہیں ہے ۔واضح رہے کہ ہماچل پردیش میں مختلف مقامات پر بادل پھٹنے اور زمین کھسکنے کے حادثے پیش آئے ہیں، جس کی وجہ سے ریاست کو جان و مال کا کافی نقصان ہوا ہے ۔ پنجاب اور ہریانہ میں سیلاب کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے اور عوامی زندگی پوری طرح درہم برہم ہے ۔وزیر اعظم مودی نے نائب صدر کے لیے ووٹنگ کرنے سے قبل آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ سیلاب اور زمین کھسکنے کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ہماچل پردیش اور پنجاب کے لیے روانہ ہو رہا ہوں۔ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔