شیوپوری//کانگریس پارٹی کی طرف سے مدھیہ پردیش میں وزیراعلی کے چہرہ کے طور پر سابق مرکزی وزیر جیوترآدتیہ سندھیا کے نام پر بات چیت ہونے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے آج مدھیہ پردیش کانگریس صدر ارون یادو نے کہا کہ یہ فیصلہ دہلی سے ہوتا ہے اور پارٹی صدر راہل گاندھی ہی اس معاملہ میں حتمی فیصلہ کریں گے ۔ یادو نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ کانگریس میں وزیر اعلی کا چہرہ اعلان کرنے کی روایت نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیوترٖآدتیہ سندھیا ہوں یا پھر پارٹی کے دیگر رہنما، کانگریس ابھی وزیر اعلی کے امیدوار کا اعلان نہیں کر رہی ہے ۔ مدھیہ پردیش میں کسی چہرہ کا اعلان کیا جائے یا نہیں، اس کا فیصلہ راہل گاندھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور کابینی وزیر یشودھرا راجے سندھیا کی شکایت الیکشن کمشنر سے کی گئی ہے ۔ ان کے ذریعہ ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقفہ وقفہ سے یہ لوگ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سندھیا کی طرف سے کل کولا رس کے بڑودہ گاؤں میں ہوئی ایک انتخابی ریلی میں بی جے پی کو نہ جتانے پر ترقیاتی کام نہ ہونے کی مبینہ دھمکی کی شکایت بھی کانگریس نے الیکشن کمشنر سے کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کولارس اسمبلی حلقہ میں تقریبا 8 ہزار اور مگاولي اسمبلی حلقہ میں تقریبا 18 ہزار ووٹروں کے نام دو سے تین مقامات پر ووٹر فہرست میں شامل ہیں ، اس کی شکایت بھی الیکشن کمیشن سے کی گئی ہے ۔ اگر یہ فہرست درست نہیں کی جاتی ہے تو انتخابات میں بڑی گڑبڑی ہونے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحیح طریقے سے انتخابات ہونے پر کانگریس کولارس اور مگاولي کی سیٹیں جیتے گی۔