نئی دہلی//کانگریس کے نا ئب صدر راہل گاندھی کے پارٹی کا صدر منتخب ہونے کے اعلان پر پارٹی ہیڈکوارٹر پر کارکنوں نے مٹھائی بانٹی اور ڈھول نگاڑے بجاکر ، پٹاخہ جلاکر جشن منایا۔کانگریس کے رٹرننگ افسر ایم رام چندرن نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جیسے ہی مسٹر گاندھی کے باضابطہ طورپر بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا، ہیڈکوارٹر کے احاطہ اور اس کے باہربڑی تعداد میں کھڑے پارٹی کارکن نعرے لگاکر، پٹاخہ جلاکر اور ڈھول کی تھاپ پر ناچتے ہوئے خوشیاں منانے لگے ۔ کارکنوں نے اس دوران 24اکبر روڈ پر آنے جانے والے تمام لوگوں کو مٹھائی بانٹی اور ہیڈکوارٹر کے احاطہ میں ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاکر مبارکباد دیتے رہے ۔پارٹی ہیڈکوارٹر کے آس پاس کی سڑکیں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کے پوسٹروں سے بھری رہیں اور ہر جگہ کانگریس کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ کانگریس کے نئے صدر کے استقبال میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد میں بھیڑ کے پیش نظر 24اکبر روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی گئی تھی۔