نئی دہلی// بہار میں مہاگٹھ بندھن میں کھینچ تان کی خبروں کے درمیان وزیر اعلی نتیش کمار ہفتہ کو کانگریس نائب صدر راہل گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شام چار بجے دونوں کی 'چائے' پر ملاقات ہوگی۔ بتا دیں کہ نتیش کمار صدر پرنب مکھرجی کے فئیرویل ڈنر میں شامل ہونے کے لئے دہلی پہنچ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، پرنب مکھرجی کے فئیرویل ڈنر میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہوں گے۔ اسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اس ڈنر میں وزیر اعظم اور نتیش کمار دونوں شامل ہوں گے۔ مطلب صاف ہے کہ نتیش شام کو راہل کے ساتھ چائے پر ملاقات کریں گے تو مودی کے ساتھ ڈنر۔بتا دیں کہ لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو پر لگے بدعنوانی کے الزام کے بعد بہار میں حکمراں مہاگٹھ بندھن میں راشٹریہ جنتا دل اور جے ڈی یو میں کشیدگی کی صورت حال ہے۔ دونوں فریقوں کے کئی لیڈروں نے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کی ہے۔ تاہم، دونوں پارٹیوں کی اعلی قیادت مسلسل کسی بھی ٹکراو سے انکار کرتی رہی ہے۔ وہیں، کانگریس اتحاد میں شامل تیسری پارٹی ہے اور وہ دونوں کے درمیان صلح قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔