کارڈف/ بنگلہ دیش کو عالمی کپ کے دوسرے پریکٹس میچ میں 95 رن سے شکست دینے کے بعد کپتان وراٹ کوہلی نے ہندوستانی بلے باز لوکیش راہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے چوتھے نمبر پر کارکردگی سے وہ کافی متاثر ہیں۔کپتان وراٹ نے اشارہ دیا ہے کہ راہل عالمی کپ میں چوتھے نمبر پر بلے بازی کر سکتے ہیں۔ وراٹ نے کہا ہے کہ وہ سلامی بلے باز روہت شرما اور شکھر دھون کے دونوں پریکٹس میچ میں خراب کارکردگی سے فکر مند نہیں ہیں۔انہوں نے کہا، "آج کے میچ کی بہترین اور مثبت بات یہ رہی کہ راہل نے نمبر چار کی جگہ پر بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم میں سب کو اپنا کردار پتہ ہے ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ راہل زیادہ سے زیادہ رن بنائیں۔ وہ ایک شاندار بلے باز ہیں۔کپتان نے کہا، "دونوں پریکٹس میچوں میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہم نے دو مختلف چیلنجوں کا سامنا کیا ہے ۔ روہت اور شکھر دونوں بہترین بلے باز ہیں اور دونوں آئی سی سی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ آج کے میچ میں ہم ہدف کا تعاقب کرنا چاہتے تھے ۔ "کپتان کوہلی نے کہا، "میں سمجھ سکتا ہوں کہ اس ٹورنامنٹ میں کوئی اچھی کارکردگی نہیں کر سکے تو کیسا لگتا ہے ۔پریکٹس میچ مختلف طرح کا ہوتا ہے ، اس کا ماحول بالکل مختلف رہتا ہے ، ویسا ماحول نہیں ہوتا جیسا ہم کھیلتے آئے ہیں لیکن پھر بھی میں خوش ہوں کہ ہم نے ان دو میچوں میں کافی کچھ سیکھا ہے ۔وراٹ نے دھونی اور ہاردک کی جارحانہ بلے بازی کی بھی تعریف کی۔ساتھ ہی کلدیپ یادو اور یجویندر چہل کی اسپن جوڑی کی جم کر تعریف کی۔ واضح رہے کہ کلدیپ اور چہل نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے پریکٹس میچ میں تین تین وکٹ لئے تھے ۔انہوں نے کہا، "ہمیں بنگلہ دیش کی بلے بازی سے بھی چیلنج تھا لیکن ہمارے گیند بازوں نے بہترین گیند بازی کی، ہمارے اسپنروں نے بھی وکٹ لئے ۔ تیز گیند باز بمراہ نے پہلی کامیابی دلائی تو چہل اور کلدیپ نے مل کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔"ہندوستان کا عالمی کپ میں پہلا مقابلہ جنوبی افریقہ کے ساتھ پانچ جون کو ہوگا۔