نئی دہلی//پانچ مرتبہ بہارکے کٹیہار سے لوک سبھا کے رکن رہ چکے این سی پی کے سابق لیڈر طارق انور نے ہفتہ کو کانگریس کا دامن تھام لیا۔ دہلی میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے انہیں کانگریس میں شامل کرایا۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ طارق انور اگلے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے ٹکٹ پر لڑ سکتے ہیں۔ مانا جارہا ہے کہ لالو پرساد کے تعاون سے وہ مہاگٹھ بندھن کے امیدوار ہوں گے۔خیال رہے کہ شرد پوار کے ذریعہ رافیل معاہدہ پر نریندر مودی کا ساتھ دینے کے بعد طارق انوار نے 19 سالہ رشتہ ختم کرتے ہوئے این سی پی کی رکنیت کے ساتھ ساتھ لوک سبھا کی رکنیت سے بھی استعفی دیدیا تھا۔ویسے طارق انورنے کانگریس سے ہی سیاست شروع کی تھی۔ 1976 میں وہ بہاریوتھ کانگریس کے صدربنے اور1980 میں کٹیہارسے کانگریس کے ٹکٹ پرپہلی بارممبرپارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ کانگریس سے 20 سال پرانا رشتہ انہوں نے 1999 میں ختم کیا۔ سونیا گاندھی کے غیرملکی نڑاد کے معاملہ پرشرد پوار، طارق انوراورپی اے سنگما نے پارٹی چھوڑدی اوراین سی پی کی تشکیل ہوئی۔ حالانکہ ان کی کانگریس مخالفت زیادہ دنوں تک نہیں چلی، کیونکہ پوارنے 2004 میں یوپی اے کا ساتھ دینے کافیصلہ کیا۔