بنگلورو//لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے جلد ہی اعلان کئے جانے کے امکانات کے درمیان کانگریس کے صدر راہل گاندھی سنیچر کو شمالی کرناٹک کے ہاویری سے انتخابی تشہیر کی شروعات کریں گے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ذریعہ مزید سیٹیں جیتنے کے لئے کی جارہی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ریاست میں برسراقتدار کانگریس۔ جنتادل (سیکولر) اتحاد نے عام انتخابات مشترکہ طورپر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کرناٹک ریاستی کانگریس کے صدر دنیش گنڈوراو نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر گاندھی ہاویری میں ریلی سے خطاب کریں گے اور بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روکنے کی عوام سے اپیل کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج کے سی وینو گوپال، سابق وزیراعلی سدا رمیا، ایم ویرپا موئلی اور کئی وزرا موجود رہیں گے ۔پارٹی کے ذرائع کے مطابق اس موقع پر جنتادل (ایس) کے ساتھ سیٹوں کے بٹوارے کے معاملہ پر مسٹر گاندھی ریاستی کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے ۔یو این آئی