نئی دہلی//کانگریس صدر راہل گاندھی نے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کے لیے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی کی مہم کو حمایت دینے کا اعلان کیاہے ۔مسٹر گاندھی نے محترمہ کو خط لکھ کر کہا،‘‘میں اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے لیے ممتا دیدی کو اپنی حمایت دیتاہوں اور امیدکرتاہوں کہ اس موقع پر ہم متحد ہندستان کا بھرپور پیغام دیں گے ۔ ’’انھوں نے کہا،‘‘ہم بنگال کے عظیم لوگوں کی تعریف کرتے ہیں جو اس ملک کی اقدار کے تحفظ کے لیے ہمیشہ سب سے آگے رہے ہیں ۔’’ کانگریس صدر نے کہاکہ ملک بھر کے لوگوں میں مودی حکومت کے جھوٹ اور کھوکھلے وعدوں کی وجہ سے مایوسی اور ناراضگی ہے ۔یہ لوگ نئے کل کی امید لگائے ہوئے ہیں ۔ایسا کل جس میں ہر فرد،خواتین و بچوں کی آواز سنی جائے گی اور اسکا احترام کیاجائیگا چاہے وہ کسی بھی مذہب ،علاقہ یا طبقے کا ہو۔ انھوں نے کہاکہ پوری اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ قوم پرستی اور ترقی کو جمہوریت ،سماجی انصاف اور سیکولرازم کے دم پر ہی مضبوط کیا جاسکتاہے جبکہ بھارتیہ جنتاپارٹی اور مسٹر مودی انھیں تباہ کرنے میں مصروف ہیں ۔یواین آئی