سرینگر//راولپورہ میں کل نقب زنوں نے دن دہاڑے معروف صحافی اور روز نامہ وادی کی آواز کے مدیر اعلیٰ غلام نبی شیدا کی رہائش گاہ میں نقب لگا کر لیب ٹاپ ۔قیمتی سامان اور نقدی اڑالی۔غلام نبی شیدا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جس وقت چوری کی واردات انجام دی گئی ،اُس وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا ۔انہوں نے بتایا ’’ پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کیلئے میںدفتر گیا تھا جبکہ میری بیٹی ڈیوٹی پر تھی‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ شام کو جب وہ گھر پہنچے تو گھر کے گیٹ کو کھلا پایا جبکہ اندر جانے پر پتہ چلا کہ نقب زنوں نے 40ہزار ،لیپ ٹاپ اور قیمتی گھریلو ساز وسامان کے علاوہ شال بھی اڑالیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی نقب زن گھر میں گھس گئے تھے ،تاہم اُس وقت وہ چوری کی واردات انجام نہیں دے پائے ،لیکن مکان کی توڑ پھوڑ کی گئی تھی ۔ادھر صحافتی برداری نے غلام نبی شیدا کی رہائش گاہ میں چوری کی واردات پر ِ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی نسبت فوری تحقیقات کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جائے۔