راولپنڈی ٹیسٹ | انگلینڈ نے پاکستان کو 74رنز سے شکست دی

راولپنڈی// انگلینڈ نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان پاکستان کو آخری سیشن میں 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 80 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے ۔انگلینڈ کے لیے دن کا آغاز شاندار انداز میں ہوا اور امام الحق گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں صرف پانچ رنز کے اضافے کے بعد جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے ۔تیسری وکٹ گرنے کے ساتھ ہی قومی ٹیم دباؤ میں آگئی، جس کے نتیجے میں سعود شکیل اور نئے بلے باز محمد رضوان نے حد سے زیادہ محتاط انداز اختیار کر لیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے 10 اوورز میں صرف 8رنز بنائے تھے اور جیمز اینڈرسن کے سامنے بالکل بے بس نظر آرہے تھے ۔تاہم بعد میں دونوں نے نسبتاً پراعتماد انداز میں بیٹنگ شروع کی اور سعود شکیل نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ڈان نیوز کے مطابق کھانے کے وقفے کے فوراً بعد انگلینڈ کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب محمد رضوان 46 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے ۔سعود شکیل نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور 198 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر سعود 76 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ کی شان دار فیلڈ پلیسمنٹ کا شکار بن گئے ، انہوں نے 12 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے ۔