عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے کل سری نگر میں نشاط اور آلسٹینگ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے جاری اَپ گریڈیشن کاموں کا تفصیلی جائزہ لیاجس کا مقصد سری نگر کے پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا اور مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے دورے کے دوران پینے کے پانی کی دستیابی، فلٹریشن کے عمل اور زیر تعمیر یونٹوں کا معائینہ کیا جن میں نشاط میں 3.0 ایم جی ڈِی (ملین گیلن یومیہ) اور آلسٹینگ میں 5.5 ایم جی ڈِی کا پلانٹ شامل ہے۔رانانے پانی کے ذخائر، پمپ روم، ٹیسٹنگ لیبارٹریوں اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیتوں سمیت سہولیات کے مختلف آپریشنل یونٹوں کا معائینہ کیا۔اَفسران نے وزیر موصوف کو جانکاری دی کہ یہ پلانٹس سری نگر کی ایک بڑی آبادی کو صاف شدہ پینے کا پانی فراہم کرتے ہیں اور ان کی اَپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔اُنہوںنے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا اور پانی صاف کرنے کے عمل میں استعمال ہونے والے اہم کیمیکل ’’الم‘‘کی فوری خریداری کی ہدایت دی تاکہ فلٹریشن کی مؤثریت برقرار رہے۔وزیر موصوف نے ذخائر کا معائینہ کرتے ہوئے وادی کی قدرتی آبی وسائل کی دولت کو اُجاگر کیا اور ان کی حفاظت کی اِجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،’’وادی قدرتی آبی ذخائر سے مالا مال ہے۔ ان قیمتی وسائل کو آلودگی اور لاپرواہی سے بچانا ہم سب کی اِجتماعی ذمہ داری ہے۔‘‘چیف اِنجینئر نے وزیر موصوف کو ترقیاتی کاموں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کی۔