سرینگر //رامپورہ چھتہ بل سرینگر میں جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جھڑ پ کے دوران احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر گولیوں اور پیلٹ چلانے کے نتیجے میں 14افراد زخمی ہوئے جن میں ایک نوجوان ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ دیگر 13نوجوان پیلٹ لگنے کی وجہ سے مضروب ہوئے ، جن میں 7نوجوانوں کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ۔ چھتہ بل علاقے میں جھڑپ کے دوران احتجاج کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم آرائی میں گاسی محلہ چھتہ بل میں بائیں آنکھ پر پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے عابد ملک ساکن نور باغ سرینگر نے بتایا ’’ چھتہ بل میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ کے دوران چند نوجوان نور باغ میں ہمارے گھر کے سامنے احتجاج کررہے تھے اور احتجاجی مظاہرین کو دیکھنے کیلئے میں اپنی گھر کی تیسری منزل پر چڑھ گیا مگر فورسز اہلکاروں نے مجھے نشانہ بنا کر چھرے چلائے جن میں ایک پیلٹ میری بائیں آنکھ میں جالگا اور میں زمین پر گر گیا ‘‘۔ صدر اسپتال سرینگر کے شعبہ امراض چشم کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ سوموار کو 7زخمی نوجوانوں کا اندراج کیا گیا جو آنکھوں میں پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے جن میں 2کی ابتدائی جراحی انجام دی گئی ہے۔ مذکورہ ڈاکٹر نے بتایا کہ پیلٹ عابد کی آنکھ کے کافی اندر جاچکا ہے مگر اسکے بائوجود بھی ہمیں اُمید ہے کہ ہم اسکی بینائی بچانے میں کامیاب ہونگے۔ سیمنٹ کدل سرینگر میں 19سالہ نوجوان سمیر احمد کھانڈے ولد عبدالرشید کھانڈے ساکن بمنہ سرینگر کی والدہ شفیقہ نے بتایا ’’ سمیر لوہا جمع کرنے کی پھیری لگا نے کیلئے نکلا تھا اور سیمنٹ کدل پہنچے ہی اسکو فورسز اہلکاروں نے نشانہ بناکر گولی چلائی جو سمیر کی دائیں ٹانگ میں جالگی ۔ شفیقہ نے بتایا کہ ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اب ڈاکٹروں نے سمیر کو بون اینڈ جوائنٹ اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صدر اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سوموار کو 13زخمی نوجوانوں کو داخل کیا گیا جن میں 7کی آنکھوں میں پیلٹ لگے تھے جبکہ ایک نوجوان شل اور ایک پتھر لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے۔ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے بتایا کہ تمام زخمی نوجوانوں کی حالت مستحکم ہے۔ ادھر شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں بھی ایک زخمی نوجوان کو داخل کیا گیا جس کے سر میں پیلٹ لگے ہیں۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’ سوموار کو ایک زخمی نوجوان کا اندراج کیا گیا جو سر پر پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوا ہے تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد مذکورہ نوجوان کی حالت مستحکم ہے۔