غلام محمد
سوپور // محض 48گھنٹے کے دوران سوپور میں دوسری شبانہ مسلح تصادم آرائی ہوئی ہے جس میں رات دیر گئے تک ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت ہوئی تھی۔جمعرات کی شام سوپور کے زینہ گیر علاقے میںسگی پورہ گائوں میں 2ملی ٹینٹو ں کی موجودگی کے بعد محاصرہ کیا گیا اور جمعہ کی صبح 9بجے سے 11بجے تک دوبارہ آپریشن کے دوران 2ملی ٹینٹ مارے گئے، جن کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔سنیچر کی شام 22آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے رام پور سوپور علاقے کا اس وقت محاصرہ کیا جب علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔پولیس نے بتایا کہ گائوں کا محاصرہ کیا گیا اور فرار ہونے کے راستوں کی ناکہ بندی کر کے جونہی مشتبہ مقام کی طرف پیش قدمی کی گئی تو ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائر کھول دیا جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں ایک ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا۔پولیس نے کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور محاصرہ سخت کر کے مزید ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ علاقے میں روشنی کا انتظام کیا گیا ہے اور مقامی لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ رام پورہ سوپور علاقے میں محاصرہ کے دوران ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کی گئی۔ ادھر ربن سوپور میں شام دیر گئے گولیوں کی آوازیں سنا دیں جس کے بعد سیکورٹی فورسز وہاں پر پہنچ گئے اور تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔ اس دوران آرہ گام بانڈی پورہ میں رات دیر گئے محاصرہ کیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ یہاں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ آرہ گام کے نزدیک ہی کچھ روز قبل جنگلاتی علاقے میں مسلح جھڑپ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا تھا۔