عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نےکہا کہ رام نگر حلقہ میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور نان گزیٹیڈ عملے کی 252 منظور شدہ اَسامیوں میں سے 142پُر کی جاچکی ہے جبکہ مزید 101ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو قومی ہیلتھ مشن کے تحت تعینات کیا گیا ہے تاکہ دُور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔وزیرموصوفہ ایوان میں رُکن اسمبلی ڈاکر سنیل بھرد واج کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 365نئے تعینات شدہ میڈیکل اَفسران میں سے 17 کو ادھم پور میں تعینات ہے جبکہ جموںوکشمیر پبلک سروس کمیشن میں 181میڈیکل اَفسران کے اَسامیوں کے لئے اِنتخاب کا عمل ابھی بھی جاری ہے ۔اُنہوں نے مزید کہاکہ جیسے ہی اُن کے اِنتخاب کا عمل مکمل ہوگا، انہیں اُن طبی اداروں میں تعینات کیا جائے گا جہاں عملے کی شدید کمی ہے۔وزیر موصوفہ نے بتایا کہ 91 منتخب میڈیکل اَفسران کی تقرری کے ویٹنگ لسٹ پر بھی کام جاری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفیئر سے نان گزیٹیڈ ، پیرا میڈیکل زُمروں میں 292اَسامیاں اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز سے 290نان گزیٹیڈ اور پیرا میڈیکل عملے کی اسامیاں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کو بھیجی گئی ہیں تاکہ صحت شعبے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔وزیر صحت نے رام نگر حلقے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 51طبی ادارے منظور شدہ ہیں جن میں سے 19 سرکاری عمارتوں میں، 29کرائے کی عمارتوں میں اور 3 دیگر محکمانہ عمارتوں میں کام کر رہے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ 9طبی اِداروں میں تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا گیاجن میں سے 6مکمل ہو چکے ہیں اور 3پر کام جاری ہے۔ اِس کے علاوہ ای۔سنجیونی، ٹیلی۔ریڈیالوجی، ٹیلی۔مانس اور قومی صحت مشن سکیموں جیسے پردھان منتری ابھیم ( اے بی ایچ آئی ایم )اور پی ایم جے اے وائی۔صحت (پی ایم جے اے وائی۔ ایس اِی ایچ اے ٹی) کی عمل آوری سے صحت خدمات کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔