عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ادھم پور ضلع میں سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی پر ملی ٹینٹوںکے حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کا ایک افسر ہلاک ہو گیا۔پولیس نے کہا کہ ادھم پور کے رام نگر کے چیل علاقے میں سی معمول کی گشت کے دوران گھات میں بیٹھے ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے سی آر پی ایف کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بنایا جس کے دوران انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں سی آر پی ایف کا ایک انسپکٹر ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت کلدیپ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ طرفین کے درمیان کافی دیر تک گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعدسیکورٹی فورسز کی مزید کمک پہنچ گئی اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔
فرار ہونے والے ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے حملے کے بارے میں ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چیل رام نگر ادہم پور میں علاقے کے تسلط کے گشت کے دوران، ملی ٹینٹوں، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انکائونٹر میں، سی آر پی ایف کا ایک انسپکٹر گولی لگنے سے زخمی ہوا اور وہ جاں بحق ہوگیاجبکہ آپریشن جاری ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے “معتبر ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے بعد رام نگر کے چیل علاقے میں سی آر پی ایف 187بٹالین پر معمول کی گشت کے دوران پٹرولنگ پارٹی پر 30/40 رانڈ فائر کئے گئے۔ جس میں ایک انسپکٹر کلدیپ موقع پر ہی مارا گیا‘‘۔یہ حملہ پچھلے کچھ مہینوں میں انکائونٹر کے سلسلے میں تازہ ترین ہے جس میں خاص طور پر جموں ڈویژن میں سیکورٹی اہلکار اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔