یو این آئی
سرینگر//ملک کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی اتوار کے روز رام نومی کا تہوار مذہبی تزک و احتشام سے منایا گیا۔اس موقع پر وادی بھر کے مندروں میں دن بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور وہاں پو جا پاٹ کی تقریبوں میں شرکت کی۔تہوار کے سلسلے میں شہر خاص کے گنپت یار ٹینکی پورہ مندر سے مذہبی نعروں اور بھجن کی گونج میں شوبھا یاترا نکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں جیسے حبہ کدل، بربرشاہ، ریگل چوک سے ہوتے ہوئے لالچوک پہنچی۔اس یاترا میں کشمیری پنڈتوں کے علاوہ غیر مقامی عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک غیر مقامی عقیدت مند نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ آج بہت ہی بڑا دن ہے کیونکہ یہ بھگوان رام جی کا جنم دن ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ دن خوشی اور سچائی کا پیغام دیتا ہے اور برائی کے خاتمے کیلئے حوصلہ دیتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دن کسی خاص مذہب کے لئے مخصوص نہیں ہے بلکہ تمام لوگوں کے لئے خوشی کا دن ہے ۔ ایک اور غیر مقامی خاتون عقیدتمند نے کہا’’ میں ہر سال یہاں شوبھا یاترا میں شرکت کرتی ہوں، اس یاترا میں شرکت کرنے سے مجھے سکون ملتا ہے‘‘ ۔انہوں نے کہاکہ یاترا کے لئے جہاں انتظامیہ نے بھر پور انتظامات کئے ہوئے ہیں وہیں یہاں کے لوگ بھی اس کا انتہائی احترام کرتے ہیں جو یہاں کے آپسی بھائی چارے کی زندہ مثال ہے ۔ایک کشمیری پنڈت نے بتایا کہ مندروں میں پوجا پاٹ کے دوران ملک خاص طورپر کشمیر کی تعمیر وترقی اور امن و آشتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔انہوں نے کہاکہ اس دن پر یہاں لوگ بلا لحاظ مذہب خوشی مناتے ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے سکورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے تھے جبکہ ریلی زینہ دار محلہ سے لیکر حبہ کدل سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر لالچوک سے گزرتے ہوئے حبہ کدل میں اختتام پذیر ہوئی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں میں بھی یہ تہوار جوش و خروش سے منایا گیا اور مندروں میں دن بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔
بدرکلی ہندوارہ میں تقریب کا انعقاد | کشمیر ی پنڈتو ں کی بڑی تعداد کی شرکت
اشرف چراغ
کپوارہ//بدر کلی ہندوارہ کے مندر میں رام نومی تہوار بڑے جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر بد ر کلی مندر میں خصوصی پو جا پاٹ کا اہتمام کیا گیا تھاجہا ں بڑی تعداد میں کشمیری پنڈتو ں نے شرکت کی ۔انتظامیہ کی جانب سے اس تہوار کو منانے کے لئے سارے بنیادی انتظامات کئے تھے ۔کشمیری پنڈتو ں نے مندر کو خوبصورت روشنیو ں اور پھولو ں سے سجایا تھا۔کشمیری پنڈتو ں نے اس موقع پر جمو ں و کشمیر کے امن اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی ۔ایک کشمیری پنڈت نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے بد کلی ہندوارہ مندر میں اس طرح کی تقریب میں جمع ہونا یقینی طور پر ان کے لئے باعث مسرت ہے جبکہ انہیں امید ہے کہ سرکار اکثریتی طبقے کو اعتماد میں لیکر ان کی باز آباد کاری اور وطن واپسی کی راہیں ہموار کرے کیونکہ ہم اپنے گھروں کو واپس آنا چاہتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ وہ اس دن کیلئے بے صبری سے انتظار کرتے ہیں کیونکہ رام نومی کے موقع پر وہ اپنے مسلمان بھائیوں سے ملتے ہیں جو ہمارے درمیان محبت بانٹے ہیں اور ایک دوسرے میں مٹھائیا ں تقسیم کرتے ہیں ۔
منوج سنہا ، عمر عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق کی مبارکباد
یو این آئی
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے رام نومی پرلوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔منوج سنہا نے اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا’میں رام نومی کے مقدس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔انہوں نے کہا: ‘ مریدا پرشوتم شری رام راستبازی، انصاف، ہمدردی، قربانی اور عاجزی کا مجسمہ ہیں’۔عمر عبداللہ نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں سب کو ایک خوشی اور برکت والی رام نومی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔ادھرنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہوار انسانیت،مساوات،بھائی چارہ اور ہمدردی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ کے لوگوں نے ہمیشہ بھائی چارے کی ریت کے ساتھ ساتھ ہر مذہب کے لوگوں کے تہواروں کا احترام کیا ہے اور ان تہواروں میں شرکت کرتے آئے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’ ہمارے ملک ہندوستان کے آئین میں ہر مذہب کی آزادی اور مساوات کو ترجیج دی گئی ہے اور فرقہ پرستی،تعصب اور تشدد کیلئے آئین میں کوئی جگہ نہیں ہے‘‘۔