جموں//لارڈ رام کے جنم دن کے سلسلے میں رام نومی کاتہوار پوری ریاست میں مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا ۔خطہ جموں کے مندروں میں بھی عقیدت مندوں کی بھاری بھیڑ دیکھی گئی۔ اس دوران لوگوں نے مندروں کے باہرقطاروں میں رہ کر عقیدت کااظہارکیا۔ رام نومی کے سلسلے میں دھرمارتھ ٹرسٹ اوررگھوناتھ بازار ویلفیئرایسوسی ایشن، سناتن دھرم سبھا، راجپوت سبھا، برہمن سبھا، مہاجن سبھا، کھتری سبھا، رگھوناتھ بازار ہیری ٹیج سوسائٹی ودیگرسماجی ومذہبی تنظیموں کے زیراہتمام رنگارنگ رتھ یاترا کااہتمام کیاگیا۔یاترامیں کثیرتعداد میں عقیدت مندوں نے حصہ لیا جوکہ رگھوناتھ مندرسے شروع ہوکر سٹی چوک ، پرانی منڈی، لنک روڈ، جین بازار،پرانی منڈی اورسٹی چوک سے ہوکر واپس رگھوناتھ مندرپہنچ کراختتام پذیرہوئی۔قبل ازیں رگھوناتھ مندرمیں عقیدت مندوں نے رام نومی رتھ یاتراپوجن کی رسم انجام دی۔اس موقعہ پر ٹرسٹ کے عہدیداران وکرم ادتیہ سنگھ ، ایم کے اجات شترو ، بی آرکنڈل، اجے سنگھ جموال ودیگران بھی موجودتھے۔ انتظامیہ کی طرف سے رام نومی کے تہوارکے سلسلے میں مندروں کے باہر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے تھے۔اس کے علاوہ رام نومی کے موقعہ پرساکھ وسرجن کی رسم وی اداکی گئی ۔ لوگوں نے نوراتروں کے دنوں میں اپنے گھروں میں پوترساکھ بیجی تھی جسے لوگوں نے رام نومی کے روز جموں توی میں بہاکر روایت کوبرقراررکھا۔