عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ رام منشی باغ میں آبپاشی و فلڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور موجودہ سیلابی صورتحال وہاں کی تیاریوں کے اَقدامات کا جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ اور مشیر نے دورے کے دوران دریاؤں کے موجودہ پانی کی سطح، نگرانی کے نظام اور نازک و حساس علاقوں کے تحفظ کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔سکینہ اِیتو نے فلڈ کنٹرول روم میں منعقدہ ایک مختصر میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کو بروقت اور حقیقی معلومات فراہم کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نشیبی اور سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کے محفوظ اور منظم اِنخلا کی سہولیت کے لئے بروقت الرٹ اور ایڈوائزری جاری کی جائیں۔ انہوںنے اَفسران پر زور دیا کہ وہ دریائے جہلم کے کناروں کے قریب عملہ اور مشینری کو الرٹ رکھیںتاکہ کسی بھی ممکنہ شگاف یا ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔وزیرموصوفہ اور مشیرموصوف نے تمام متعلقہ محکموں کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور چوکس نگرانی کو دِن رات برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی آگاہی کی مستقل مہمات چلائی جائیں تاکہ لوگ باخبر اور تیار رہیں۔انہوںنے عوام کو یقین دِلایا کہ حکومت شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ پُرسکون رہیں، حکام کے ساتھ تعاون کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔اس موقع پر فلڈ اینڈ ا ری گیشن ڈیپارٹمنٹ، ایس ڈِی آر ایف اور ضلع اِنتظامیہ کے سینئر افسران نے وزیر موصوفہ اور مشیر کو موجودہ پانی کی سطح اور حساس و سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔