محمد تسکین
بانہال// منگل کی سہ پہر سے موسم نے کروٹ لی ہے اور بانہال اور رام بن کے علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی ہیں اور ابر آلود موسم اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشیں ہوئی ہیں ۔ منگل اور بدھ کی رات بانہال اور رام بن کے علاقوں میں تیز رفتار ہوائیں چلی ہیں تاہم ضلع رام بن کے کسی علاقے سے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ہلکی ہلکی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری ہے البتہ قصبہ کے آر پار اور رام بن کے علاقے میں ٹریفک جام کی صورتحال رہی تاہم دوپہر بعد اس پر قابو پایا گیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کے روز شاہراہ پر مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا جبکہ مال بردار گاڑیوں کو یکطرفہ ٹریفک میں جنوں سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈھلواس اور مہاڑ کے مقام جموں سرینگر قومی شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور اس وجہ سے اس سیکٹر میں گاڑیوں کی نقل و حرکت سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اور رام بن سیکٹر میں ہلکی بارشیں ہوئی ہیں تاہم شاہراہ کا ٹریفک بغیر خلل چل رہا ہے اور یہ سلسلہ بدھ کی شام تک جاری تھا ۔اس دوران اگرچہ عام لوگ اور زمیندار مکئی ، راجماش اور دیگر بیجوں کی بوائی کیلئے بارشوں کی دعائیں کر رہے تھے تاہم بدھ کی شام تک اتنی بارشیں نہیں ہوئی تھیں جتنی وہ توقع رکھتے تھے تاہم موسم آبر آلود تھا اور وقفے وقفے سے بونداباندی بھی ہو رہی تھی ۔