رام بن //گزشتہ دنوں ضلع کے امتحانی مرکز میں دسویں جماعت کا پرچہ لیک ہونے کے معاملہ کی پولیس نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ گورنمنٹ ہائی اسکول پرنوٹ رام بن میں ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے قائم کردہ امتحانی مرکز نمبر 5116 میں پیپر لیک کے معاملہ میں بورڈ حکام کی شکایت پر24اکتوبر کو ایف آئی آر زیر نمبر 131 دفعات 409 RPC /120-Bکے تحت درج کی گئی ہے ، اس شکایت میں کہا گیا تھا کہ متذکرہ بالا سنٹر پر امتحانی پرچوں کے پیکٹ کی پر اسرار طور پر چھڑچھاڑ کی گئی تھی۔ پولیس نے معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی قیادت ایس ایس پی رام بن رندیپ کمار کر رہے ہیں جب کہ ایڈیشنل ایس پی مشتاق چودھری، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر رفیع چودھری اور ایس ایچ او نویر اگروال اس ٹیم میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں بورڈ کے کچھ ملازمین کی ملی بھگت کو بھی بعید از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ، ان کے علاوہ خصوصی ٹیم نے امتحانی مرکز ، ہائی اسکول پرنوٹ کا بھی معائینہ کیا ہے جہاں سوالنامے رکھے گئے تھے۔ پولیس ذرائع نے ابھی تک کی تفتیش کے بارے میں چپی سادھ رکھی ہے ، اگر چہ کچھ مشکوک افراد کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے تاہم ابھی تک کسی پر باضابطہ الزام عائد نہیں کیا گیا ہے ۔رابطہ قائم کرنے پر ایس ایس پی رندیپ کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس معاملہ میںملوث پائے گئے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچا کر اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ 24اکتوبر کو اس مرکز پر سائنس کا سوالنامہ لیک ہو گیا تھا جس کا خلاصہ ہونے کے بعد ایجوکیشن بورڈ نے پورے سرمائی زون میں یہ پیپر ملتوی کر دیا تھا۔ اسسٹنٹ سیکرٹری بورڈ سب آفس رام بن کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ جاتی انکوائری کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس انکوائری کمیٹی کا بھی کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے ۔