رام بن//رام بن پولیس نے ایک ہیڈ کانسٹیبل منور حُسین کو فوری طور معطل کیا ہے ،جو کہ مبینہ طور سے ایک خاتون چھاپڑی فروش سے ایک سو روپے کی رقم حاصل کرتے ہوئے پایا گیا ہے۔مذکورہ خاتون سڑک پر کُچھ ادویاتی جڑی بوٹیاں بیچ رہی تھی،جسکی شناخت درمالی زوجہ گھویٹویا ساکنہ جے پور ،راجستھان کے طور پر کی گئی ہے۔مذکورہ خاتون نے پولیس کے پاس اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وردی میں ملبوس ایک پولیس اہلکار نے اسے ادویاتی بوٹیاں بیچنے کیلئے سو روپے کی مانگ کی اور ایسا کرنے سے انکار کرنے پراس شرابی پولیس اہلکار نے اس سے ایک سو روپے کا نوٹ چھین لیا ۔ایک راہگیر نے یہ ساری کاروائی ایک موبائیل میں ریکارڈ کی تھی جس کے بعد سے یہ وائرل ہوئی ۔پولیس نے تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد مذکورہ پولیس اہلکار کے خلاف ایک کیس درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔ ایس ایس پی رام بن موہن لعل نے کیس پر سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل منور حُسین کو فوری طور سے معطل کر دیا ہے اور اسکے خلاف سخت کاروائی کا حُکم دیا ہے۔