ایم ایم پرویز
رام بن//ایک اور سڑک حادثے میں اس وقت دو افراد ہلاک ہو گئے ،جب وہ گاڑی جس میں وہ سفر کر رہے تھے، منگل کی صبح سرینگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں ایک موڑ کاٹتے ہوئے کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔جب یہ حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ہوا تو بس میں صرف دو افراد سوار تھے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک بدقسمت ٹاٹا سوموزیر رجسٹریشن نمبر JK14-9874 ، سنگلدان سے سری نگر جا رہی تھی، بیٹری چشمہ کے قریب ایک موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور کئی سو فٹ میں جاگری۔ یہ واقعہ منگل کو صبح 12-30 بجے کے قریب پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس، ایس ڈی آر ایف اور کوئیک ریسپانس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور گہری کھائی میں گاڑی میں سوار افراد کو تلاش کرنے کے لیے بچا ئوآپریشن شروع کیا۔ریسکیو ٹیموں نے سخت کوششوں کے بعد دو شدید زخمی افراد کو کھائی سے نکال کر ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں افراد کو مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے دونوں مرنے والوں کی شناخت حاکم دین (25) ولد عبدالرحمان اور طارق احمد (32) ولد عبدالرشید کے طور پر کی ، دونوں ڈھلواس، سنگلدان کے رہنے والے ہیں۔دریں اثنا دونوں جاں بحق ہونے والے افراد کی آخری رسومات ان کے آبائی گائوں میں ادا کی گئیں جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس سے قبل پیر 4 مارچ کو ضلع رام بن کی اوکھرل تحصیل میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔