محمد تسکین
بانہال// پیر کی صبح سے ہی بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں موسم ابر آلود تھا اور سہ پہر بعد سے ہلکی ہلکی بارشیں ہو رہی ہیں اور ہلکی بارشوں کا یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ منگل کے سہ بعد پہلے رام بن میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور اس کے بعد قریب چار بجے سے ہلکی ہلکی بارشوں کا یہ سلسلہ رامسو ، کھڑی اور بانہال کے علاقوں تک پھیل گیا اور یہ سلسلہ پیر کی شام چھ بجے تک جاری تھا ۔ بارشوں کے تازہ سلسلے کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے کسی حد تک راحت ملی ہے تاہم مزید بارشوں کی صورت میں ہی کھیت کھلیانوں کو بارشوں سے سیراب ہونے موقع مل سکتا ہے ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت معمول کے مطابق جاری ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود شاہراہ پر ٹریفک جاری ہے اور مسافروں گاڑیوں دوطرفہ طور اور ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح جموں سےامرناتھ یاترا میں شامل 6143یاتریوں نے 235چھوٹی بڑی گاڑیوں میں پہلگام اور بالتل کے راستے امرناتھ گپھا کی طرف جانے کا سفر کیا جبکہ امرناتھ گھپا کے درشن کے بعد 202گاڑیوں میں 4474یاتریوں نے جموں کا سفر کیا ۔
رام بن میں ہلکی ہلکی بارشیں،قومی شاہراہ پر ٹریفک جاری
