عظمیٰ نیوز سروس
جموں// رام بن ضلع میں بدھ کو ایک بس پر حملے میں ایک کنسٹرکشن کمپنی کے چار ملازمین کو معمولی چوٹیں آئیں جو انہیں ایک پروجیکٹ سائٹ پر لے جا رہی تھی، جس کے نتیجے میں8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔حکام نے مزید کہا کہ کمپنی کے ملازمین کو ماروگ میں سرنگ کے منصوبے کی جگہ پر لے جانے والی بس کو شام کے وقت سیری کے مقام پر نقاب پوش افراد نے روکا، جو گاڑی میں سوار ہوئے اور اس میں سوار افراد پر حملہ کیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے میں کمپنی کے چار ملازمین زخمی ہوئے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)رام بن، کلبیر سنگھ نے کہا کہ آٹھ لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے مبینہ طور پر تعمیراتی فرم کے کچھ ملازمین کو زدوکوب کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر مقامی ملازمین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایس ایس پی نے مزید کہا، “ہم انہیں تحفظ کا احساس فراہم کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔”ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والے انجینئر منوج کمار، جو زخمیوں میں شامل تھے، نے بتایا کہ نقاب پوش افراد نے انہیں دھمکی دی، اور پوچھا کہ جب انہیں علاقہ چھوڑ دینا چاہیے تھا تو وہ اب بھی رام بن میں کیوں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا”دو لوگوں نے ہماری بس کو روکا، اس کے بعد دس سے 15 لوگ بس میں سوار ہو گئے اور ہمیں مارنا پیٹنا شروع کر دیا، ہم میں سے چھ یا سات زخمی ہوئے ہیں،۔انہوں نے زور دے کر کہا”ہم یہاں کام کرتے ہوئے سیکورٹی اور حفاظت کا مطالبہ کرتے ہیں” ۔