محمد تسکین
بانہال //وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل بدھ کی صبح ایک بار پھر روک دی گئی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ کو رام بن کے مہر کیفٹیریا موڑ پر چٹانیں کھسک آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔ سرینگرجموں شاہراہ پربدھ کے روزبھی رام بن میں کیفٹیریاموڈاورمہار کے مقام پرگزشتہ تین دن سے پتھروں کے مسلسل گرآنے کی وجہ سے معمول کاٹریفک تیسرے دن بھی متاثررہااورپتھروں کے گرآنے کی وجہ سے وادی کشمیر کیلئے مال برداراورایندھن سے لدی ٹرکوں کی بحالی ممکن نہ ہوسکی تاہم مسافرگاڑیوں کوبدھ کی شام تک کرول۔میتراہ۔
رام بن کی پرانی سڑک سے ایک ایک کرکے جانے کی اجازت دی گئی ۔سڑک کی صورتحال کے حوالے سے بات کرنے پر موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک رامبن افتخار احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ منگل کی رات درماندہ ٹرکوں کو نکالنے کے بعد مہاڑ اور کیفٹریریا موڑ پر بْدھ کی صبح نو بجے سے پتھروں کے گرنے میں تیزی آگئی اور ٹریفک کو چلنا ناممکن ہوگیا اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں کو متاثرہ مقام کو بائی پاس کرکے کرول۔ میتراہ۔ رامبن کی پرانی شاہراہ سے نکالا جارہا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانی شاہراہ پر رام بن میں دریائے چناب کے آر پار قریب اڑھائی سو فٹ لمبا جھولا پْل سمیت کئی مقامات پر یکطرفہ ٹریفک ہی چل سکتا ہے اور اس پر بھاری ٹریفک کیوجہ سے ٹریفک جام لگا ہوا ہے تاہم ایک ایک کرکے مسافر گاڑیوں کو نکالنے کا عمل شام تک جاری تھا اور تین ہزار کے قریب مسافر گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ کیاگیا۔ انہوں نے کل شاہراہ پر سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں سے شاہراہ کی صورتحال سے متعلق جانکاری حاصل کرکے ہی سفر کریں تاکہ بعد میں انہیں شاہراہ پر درماندگی اور دیگر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔