ایل جی کا اظہار افسوس
عظمیٰ نیوز سروس
بانہال // ضلع رام بن میں اتوار کوافسر سمیت3 فوجی اہلکار اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کی گاڑی سڑک سے پھسل کر 700 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ فوجی ٹرک قومی شاہراہ پر جموں سے سرینگر جانے والے قافلے کا حصہ تھا جب یہ حادثہ بیٹری چشمہ کے قریب صبح 11.30 بجے کے قریب پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ فوج، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں نے فوری طور پر ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا لیکن گاڑی میں سوار تین فوجی موقع پر ہی مردہ پائے گئے۔مرنے والوں کی شناخت سپاہی امیت کمار، سوجیت کمار اور مان بہادر کے طور پر کی گئی ہے اور ان کی لاشیںکھائی سے نکالی گئیں ہیں، حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں گاڑی دھات کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔پولیس کے مطابق مہلوکین میں JCOسجیت کمار، ڈرائیور امیت کمار اور سپاہی من بہادر شامل ہیں۔
ایل جی کا اظہار افسوس
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام بن میں ایک المناک سڑک حادثے میں فوجی جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہے: “رام بن میں ایک المناک سڑک حادثے کی وجہ سے ہمارے بہادر فوجی جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے”۔