رام بن//منگل کی سہ پہر ایک شخص کھوباغ رام بن میں پھسل کر دریائے چناب میں جا گرا اور پانی کے تیز دھار میں بہہ گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے کھوباغ علاقے میں ایک شخص وضو کرتے ہوئے غلطی سے دریائے چناب میں پھسل گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور دریائے چناب کے پشتوں پر اس شخص کی لاش کو تلاش کرنے کےلئے تلاشی مہم چلائی گئی۔پولیس نے لاپتہ شخص کی شناخت 32سالہ محمد امین ولد گل محمد ساکن چکناروا، چملواس، بانہال حال رام بن کے طور پر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ رام بن شہر میں ٹیلرنگ کی دکان پر کام کرتا تھا۔ایس ایچ او تھانہ رام بن نعیم متو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ منگل کی شام تک امدادی ٹیمیں لاپتہ شخص کو تلاش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ایس ڈی آر ایف اور جے کے پی کے ذریعہ تلاشی مہم چلائی گئی لیکن اب تک دریائے چناب میں اس شخص کی لاش کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ یہ شخص دریائے چناب کے تیز پانی کے دھارے میں بہہ گیا ہو گا۔