محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے سرکاری سکولوں میں نظام تعلیم کی حالت گزشتہ تین دہائیوں سے مسلسل خراب ہے اور بنیادی سہولیات، تدریسی عملے اور مناسب عمارتوں کی کمی کے مسائل آج بھی برقرار ہیں۔ تعلیمی زون کھڑی سمیت کئی دیگر علاقوں کے سکول طلباء کی تعداد کے مقابلے میں تدریسی عملے کی شدید کمی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے یہاں کے غریب والدین کے بچے معیاری تعلیم سے محروم رہ رہے ہیں۔ تعلیمی زون کھڑی کے علاقے کملہ ترگام میں 1971 سے قائم ہائی سکول میں اس وقت 300 سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں، لیکن تدریسی عملے کی منظور شدہ 10 آسامیوں میں سے صرف پانچ پر تقرریاں کی گئی ہیں، جن میں ہیڈ ماسٹر بھی شامل ہیں۔ چار تدریسی اور ایک ماسٹر گریڈ کی آسامی کئی سالوں سے خالی ہیں۔ مقامی والدین کا کہنا ہے کہ عملہ کی کمی کے علاوہ، مڈ ڈے میل اور بوتھ لیول افسر کی ڈیوٹی جیسے غیر تدریسی کاموں میں اساتذہ کی مصروفیت تعلیمی معیار کو مزید متاثر کرتی ہے۔ اس سکول میں عمارت کی صورتحال بھی ناگفتہ بہ ہے۔ 10 جماعتوں کے طلباء کے لیے صرف چار سے پانچ کمرے دستیاب ہیں، اور نئے بلاکس کی تعمیر ایک سال سے نامکمل ہے۔ سکول میں لیبارٹری کا کوئی الگ کمرہ موجود نہیں، جس کی وجہ سے نویں اور دسویں جماعت کے طلباء کے پریکٹیکل ممکن نہیں ہو پاتے۔ والدین اور طلباء نے محکمہ تعلیم اور مقامی انتظامیہ سے متعدد مرتبہ مطالبات کیے، لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے۔ زونل ایجوکیشن آفیسر کھڑی، دیو راج نے بتایا کہ کھڑی زون میں تدریسی عملے کی کمی بدستور جاری ہے اور ریٹائرمنٹ کی وجہ سے یہ مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت زون میں فوری طور پر 40 سے 50 ٹیچروں کی ضرورت ہے، جبکہ مڈل سکولوں میں ماسٹر گریڈ کی ایک بھی پوسٹ موجود نہیں۔ زونل ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ سولہ اساتذہ کو ترقی دے کر ماسٹر بنایا جا رہا ہے، اور انہوں نے چیف ایجوکیشن آفیسر سے ماسٹر گریڈ کی آسامیوں کی منظوری اور تقرری کی درخواست کی ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول عمارتوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے، لیبارٹری کے لیے الگ کمرے فراہم کیے جائیں، اور تدریسی عملے کی تمام خالی آسامیوں کو فوری طور پر پْر کیا جائے تاکہ طلباء کو معیاری تعلیم میسر ہو سکے۔ ضلع رام بن کے سکولوں میں یہ سنگین صورتحال محکمہ تعلیم کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور حکومت سے فوری توجہ کا تقاضا کرتی ہے۔
رام بن میں شعبہ تعلیم کی زبوں حالی، کہیں عملہ کی قلت و کہیں سہولیات ندارد ہائی سکول کملہ ترگام میں تدریسی عملہ کی 50 فیصد اسامیاں خالی، ہیڈماسٹر بھی نہیں!
