رام بن//رام بن میں جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر غیر قانونی پا رکنگ پر سول سوسائٹی کے ممبران نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ضلع رام بن کے تمام سول سوسائٹی ممبران نے شکایت کی ہے کہ غیر قانونی پرکنگ کی وجہ سے شاہراہ سُکڑ جاتی ہے جس سے اس شاہراہ پر لگاتار ٹریفک جام لگتا ہے۔ان لوگوں کے مطابق ٹریفک عملہ کو بھی اس صورتحال سے نمٹنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان ممبران کی یہ بھی شکایت ہے کہ قومی شاہراہ پر قائم شاہراہ کے یہ قصبے رام بن ، بانہال اور بٹوت اتنے گنجان ہو گئے ہیں کہ پیدل چلنے والوں کو چلنے کے لئے راستہ ڈھونڈنا پڑتاہے کیونکہ ٹاٹا سوموز او پرائیویٹ کار پارکنگ کی وجہ سے ا س شاہراہ کوپارکنگ جگہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔ان لوگوں کی یہ بھی شکایت ہے کہ ان ڈرائیوروں نے مسافروں کو اُتارنے اور سوار کرنے کے لئے اپنی ہی غیر قانونی پارکنگ بنائی ہے جس کی وجہ سے اس پر کافی ٹریفک جام لگتا رہتا ہے، جس سے شاہراہ پر چلنے والی دیگر گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یہ شاہراہ پہلے ہی گنجان بن گیا ہے جسکی وجہ سے ان علاقوں کے لوگوں کو پریشانیاں ہو جاتی ہیں۔سول سوسائٹی کے ممبران کی شکایت ہے کہ غلط منیجمنٹ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں میں افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے اس شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک جام لگتا ہے اور حالت دوپہر اور شام کے وقت ا ور بھی سنگین بن جاتی ہے ،جب بھاری لوڈ کئیریر اور مسافر بسیں اس شاہراہ پر پارک کی گئی ہوتی ہیں۔لوگوں نے حکام سے اس مسلہ کیجانب توجہ دینے کی اپیل کی ہے تاکہ شاہراہ کو غیر قانونی پارکنگ سے پاک کیا جا سکے جس سے اس شاہراہ پر ٹریفک باقاعدہ بنانے میں مدد ملے گی۔