صدر، وزیر اعظم اور لیفٹیننٹ گورنر کا اظہار افسوس،مہلوکین کیلئے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان
محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن اور بانہال سیکٹر کے درمیان بیٹری چشمہ علاقے میں پیش آئے سڑک کے ایک المناک حادثے میں ایک تویرا گاڑی میں سوار تمام 10 مسافر لقمہ اجل ہوئے ہیں۔مہلوکین میں جموں کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔9افرادبیرون ریاستی مزدور تھے اور وہ کشمیر میں مزدوری کی غرض سے جا رہے تھے ۔یہ حادثہ شب کے قریب ساڑھے 12بجے جموں سے سرینگر آرہی تویرا گاڑی زیر نمبر JK12/ 8728 رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں پیش آیا۔تویرا گاڑی اور موڑ پر لڑھک کر کم از کم 1000 فٹ گہری کھائی میں گر ی اور گاڑی میں سوار تمام10 افرادموقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ رام بن پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت وہاں سے گزر رہے ایک ٹرک ڈرائیور نے پولیس کو مسافروں سے بھری تویرا کے کھائی میں گر جانے کی اطلاع دی ، جس کے فوراً بعد پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور سول کیو ار ٹی رام بن کے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے وقت علاقے میں تیز بارش ، اندھیرے اور ناقابل رسائی کھائی میں اترنے سے بچائو کارروائی کا آغاز فوری طور نہیں کیا جا سکا ۔جمعہ کی صبح بچائو کارروائی کا دوبارہ آغاز کیا گیا جس میں پولیس، ہمالین کیو آر ٹی رامسو ، بانہال والنٹیرس اور فوج کی ٹیمیں شامل ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کا منظر انتہائی خوفناک اور ڈرائونا تھا اور سڑک سے نیچے گہری کھائی میں گاڑی کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے تھے جبکہ مسافروں کی لاشیں اور سامان پوری کھائی میں بکھرا پڑا تھا ۔پولیس نے کہا کہ سڑک سے کھسکنے کے بعد بظاہر یہ تیز رفتار گاڑی ایک پیرا فٹ اور ایک درخت کو توڑ کر ہوا میں کئی قلابازیاں کھانے کے بعد سینکڑوں فٹ نیچے پتھریلی چٹانوں سے ٹکرا گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچائو کارروائی میں شامل ٹیموں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر گہری کھائی میں اتر کر ایک ایک کرکے حادثہ کا شکار ہوئے مسافروں کی لاشوں تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ٹیموں نے کسی بھی مسافر کو زندہ نہیں پایا۔بعد میں رسی کی مدد سے ایک ہزار فٹ گہری کھائی سے لاشوں کو ایک ایک کر کے اوپر لایا گیا اور رام بن ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کم از کم آٹھ گھنٹوں تک جاری رہا اور جمعہ کی صبح چھ بجے سے شروع ہوکر بعددوپہر ڈیڑھ بجے ختم کیا گیا ۔حادثے کے بعد بچائو کارروائی کی نگرانی کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری ،ڈی آئی جی ڈوڈہ ۔ کشتواڑ ۔رام بن رینج شری دھر پاٹل ، ایس ایس پی رام بن انوج کمار ، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کے افسر بھی جائے حادثہ پرموجود تھے ۔بچائو ٹیموں میں رضاکاروں کی قیادت کر رہے بشیر احمد ماگرے، صدر سیول کیو آر ٹی، رام بن نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بچائو ٹیموں میں شامل کئی رضاکار کھائی میں اترنے کے دوران گرتے پتھروں کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئے ۔پولیس نے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کی شناخت47 سالہ ڈرائیور اور سابقہ فوجی بلوان سنگھ ولد پورب سنگھ ساکن امب گروٹہ جموں ، وپن مکھیا ولد وشواناتھ مکھیا ، اندرجیت ولد سوامی ناتھ ، راجن ، راجیو کمار ، سندیپ ولد شیو منگل ، راجکمار ولد بچو ، رام بلاس ولد بڈبوری ، ہری ولد چندر اور اودھیش ولد سومی ناتھ ساکنان مغربی چمپارن بہار کے طور کی ہے ۔ حادثے کے بعد پولیس نے کیس درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
اظہارِ افسوس
رام بن میں قومی شاہراہ پر پر پیش آئے حادثہ کی صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، لیفٹیننٹ گورنر اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر دروپدی مرمو نے جانوں کے ضیاع پرصدمے کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔صدرنے ایکس پر تعزیتی پیغام میں کہاکہ لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے تعزیت پیش کرتی ہوں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، پی ایم او انڈیا نے کہا،وزیر اعظم نے حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ وہ سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ریلیف فنڈ سے ایکس گریشیا ریلیف کے طور پر مہلوکین کے پسمانگان کو فی کس 2لاکھ جبکہ زخمیوں کو ر50ہزاروپے دیے جائیں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ تعزیت پیش کی۔موصوف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: ‘رام بن میں پیش آنے والے دلدوز سڑک حادثے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا زیاں ہوا، کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا’۔انہوں نے غمزدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا: ‘میں نے صوبائی کمشنر اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرین کو تمام تر مدد فراہم کریں’۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس دلخراش سڑک حادثے پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ دلدوز سڑک حادثے کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ رام بن کے ساتھ بات کی’۔انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں’۔