محمد تسکین
رام بن // گرمی کی شدت اور دریائے چناب پر واقع ڈول ہستی پن بجلی پروجیکٹ کشتواڑ کے ڈیم سے ریت کو صاف کرنےکے عمل کے تحت چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے رام بن ضلع کے بیچوں بیچ سے گزرنے والے دریائے چناب میں ہفتے کے روز پانی کی سطح خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے تاہم ہفتے کے روز وادی چناب میں بادلوں کے موسم اور کشتواڑ ڈیم سے ہفتے کی آدھی رات بارہ بجے صبح تک چھوڑے گئے پانی کی سطح ہفتے کی دوپہر بعد سے قدرے کم ہونا شروع ہوئی ہے۔ دریائے چناب کے کنارے آباد وادی چناب کے کشتواڑ ، ڈوڈہ ، رام بن اور ریاسی اضلاع کے علاقوں میں سرکاری حاکموں نے لوگوں کو دریائے چناب کے کنارے جانے سے منع کر رکھا ہے جبکہ رافٹنگ سمیت دیگر دریائے کھیلوں اور سرگرمیوں پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔ رام بن پولیس نے بھی لوگوں کو دریائے چناب میں پانی کی سطح کے بڑھنے کے پیش نظر لوگوں کو دریائے چناب کے کنارے جانے سے احتیاط برتنے کیلئے لائوڈ سپیکر لگی گاڑیوں کے ذریعے لوگوں کو آگاہی دی ہے اور یہ سلسلہ ہفتے کی شام تک جاری تھا ۔