رام بن// سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے پیر کو ضلع رام بن کی کھڑی تحصیل میں ملی ٹینٹوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کرنے کے بعد گولہ بارود برآمد کیا۔حکام نے بتایا کہ رام بن کی تحصیل کھڑی کے دور دراز پہاڑی اور جنگلاتی علاقہ میں گولہ بارود اور دیگر مجرمانہ مواد کی ایک ذخیرہ کی موجودگی کے بارے میں قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی ۔ان پٹ پر تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے، پولیس اور ایس او جی کی طرف سے جنگل کے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی گئی اور مشتبہ ٹھکانے کی تلاشی لی گئی جس کے دوران مشترکہ ٹیم نے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا اور گولہ بارود برآمد کیا۔اہلکار کے مطابق برآمد شدہ گولہ بارود میں دو رائفل گرنیڈ، ایک یو بی جی ایل، ایک وائرلیس بغیر بیٹری کے اینٹینا کے ساتھ، دو آئی ای ڈی قسم کے تار کے ساتھ، ایک ڈیٹونیٹر قسم کے تار کے ساتھ، 17 اے کے کارٹلیج، سات 9 ایم ایم کارٹلیج، ایک شیشے کی بوتل جس میں گلیسرین قسم کا مائع، ایک خاکی جیکٹ اور ایک سیاہ چمڑا جوتا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مقدمہ ایف آئی آر زیرنمبر 106/2023 سیکشن 4 دھماکہ خیز مادہ ایکٹ کے تحت بانہال میں درج کیا گیا ہے اور تفتیش شروع کی گئی ہے۔