بانہال// ضلع رام بن میں ایس پی او بھرتی کی سلیکشن لسٹ منظر عام پر آنے کے بعد فہرست سے باہر کئی اُمیدواروں نے سلیکشن لسٹ میں دھاندلیوں کا الزم عائد کیاہے۔ بانہال میں سلیکشن لسٹ سے باہر ٹیسٹ پاس کر نے والے امیدواروں کے ایک وفد نے میڈیا کو بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کی طرف سے نکالی گئی سلیکشن لسٹ میں نہ کئی اُمیداروں کے نمبرات کاذکر ہے اور نہ ویٹنگ لسٹ دکھائی گئی ہے ۔ ان بے روز گار نوجوانوںکے مطابق محکمہ پولیس کی طرف سے گذشتہ سال ایک نوٹیفیکشن کے تحت ضلع رام بن میں 100ایس پی او پوسٹوں کے لئے فارم بھر نے کے لئے کہا گہا تھا اور 25اگست 2016فارم بھر نے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ان پوسٹوں کے لئے سلیکشن کمیٹی جس کے چیئر مین اُس وقت کے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن تھے نے 20مارچ 2017کو تین ہزار سے زائد فارم بھر نے والے اُمیدواروں کا فزیکل ٹیسٹ لیا گیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ اس وقت ساڑے پانچ سو کے قریب اُمیدواروں نے اس ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ ان بے روزگار نواجوانوں کے مطابق اس وقت انہیں یہ بتایا گیا تھا کہ نوکری کے لئے مقرر عمر کی حد کے نزدیک پہنچنے والے اُمیدواروں کو اس سلیکشن میں ترجیحی دی جائے گی جبکہ بارھویں جماعت پاس پر 12نمبرات رکھے گئے تھے اور اُمیدوار کی لمبائی 5 فٹ دس انچ ہونے پر 13نمبرات مقرر کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن لسٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد انہوں نے ایسے کئی اُمیدواروں کو سلیکشن لسٹ میں پایا ہے جنہوں نے 25اگست جوکہ کاغذات جمع کر نے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی کے بعد بارھویں جماعت کا امتحان پاس کر کے اپنے کاغذات جمع کرائے تھے اور ان میں سے کئی اُمیدواروں کو سلیکشن لسٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمر کی بنیادوں پر سلیکشن کر نے کے اس وعدے کے علاوہ دیگر ضوابط کو بھی بلائے طاق رکھ کر کئی منظور نظر اُمیدواروں کو اس لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ پاس کر نے والے کئی عام اور مستحق اُمیدواروں کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ جموں کے باقی اضلاع میں ایس پی اوز کی نکالی گئی سلیکشن لسٹ میں اگر چہ سلیکشن لسٹ میں امیدواروں نے حاصل کئے گئے پوئنٹس یا نمبرات کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کو بھی دکھایا گیا ہے لیکن ضلع رام بن میں پوئنٹس اور نہ ہی ویٹنگ لسٹ اس سلیکشن لسٹ میں دکھائی گئی ہے جو کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ سلیکشن لسٹ سے باہر اُمیدواروںکے ایک وفد میں شامل محمد اشرف ،خادم حسین ساکنان چکناڑواہ ،الیاس احمد ساکنہ رامسو و دیگران نے ضلع انتظامیہ ، محکمہ پولیس کے ڈی آئی جی ڈی کے آر اور ریاستی سرکار سے اپیل کی ہے وہ اس معاملے میں مداخلت کر کے سلیکشن لسٹ پر نظر ثانی کر کے مستحق امیدواروں کو اپنا حق دلائیں ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر ان کی گذارش پر کوئی سنوائی نہ ہوئی تو وہ عدالت سے اس معاملے میں رجوع کریں گے ۔