عظمیٰ نیوز سروس
رام بن// رام بن پولیس نے ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے اتوار کو رام بن کے کھوباغ علاقے میں دریائے چناب سے حادثے کا شکار ہونے والے ایک شخص کی نیم بوسیدہ لاش کو برآمد کیا۔ پولیس نے بتایا کہ سڑک حادثے کا شکار ہونے والے شخص کی مسخ شدہ لاش رام بن کے کھوباغ علاقے میں دریائے چناب سے برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کو کچھ راہگیروں نے دریا میں ایک حادثاتی گاڑی میں پھنسی ہوئی دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ رام بن کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچی اور لاش اور حادثے کا شکار گاڑی کو نکالا۔
لاش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا۔ نعش کی شناخت بھرت سنگھ عمر 52 ساکن ساکن تیلی ماجرا سیری، رام بن کے طور پر ہوئی ہے، جو ایک گاڑی (منی لوڈ کیرئیر آٹو) کا ڈرائیور تھا۔ لوڈ کیریئرمیہاڑ کے قریب 7 جولائی کو شاہاہرا پر حادثے کا شکار ہونے کے بعد دریائے چناب میں گر گیا تھا۔ تاہم، اتوار کو ڈرائیور اور گاڑی کی لاش جائے حادثہ سے تقریباً 3 کلومیٹر دور برآمد ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاش گاڑی کی سیٹ بیلٹ سے بندھی ہوئی تھی۔ ایس ایچ او، پولیس تھانہ رام بن، انسپکٹر نعیم متو نے تصدیق کی اور کہا کہ اتوار کی دوپہر قانونی طبی رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔