محمدتسکین
بانہال // اتوار کی علی الصبح بادل پھٹنے کی وجہ سے بھاری ملبہ سے تباہ ہوئے رام بن قصبہ رام بن ویرانی کے مناظر پیش کر رہا ہے اور ہر طرف سے ہو کا عالم ہے ۔ رام بن قصبہ کے باولی بازار محلہ ، سناڑی محلہ ، شان پیلس ، ہائیر سیکنڈری محلہ ، کیفٹیریاڑ موڑ ، جامع مسجد جدید وارڈ نمبر چار ، سیری اور دھرم کنڈ میں نقصانات سے دوچار ہوئے متاثرین ملبے کے نیچے سے دبے سامان کو کھوجنے کی کوشش کرتے دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے قصبہ رام بن میں آئے بھاری ملبے کو صاف کرنے کیلئے صفائی کاروائی بھی شروع کی گئی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہیکہ اتوار کے روز سب ڈویژن بانہال ، رامسو ، رام بن اور گول کے علاقوں میں ہوئی شدید بارشوں اور اولوں سے ثمردار درختوں ، فصلوں ، سبزیوں اور بوئے گئے بیجوں کو سو فیصدی نقصان پہنچا ہے اور اس صورتحال نے کھیتی باڑی سے اپنا روزگار اور گھر چلانے والے ضلع رام بن کے ہزاروں متاثرہ زمینداروں کی تمام تر امیدیں اب سرکاری مدد سے وابستہ ہوگئی ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکار نے فصلوں کا انشورنس کیا ہوتا تو وہ بار بار کسمپرسی کے حالات اور شدید نقصانات سے دوچار نہ ہونا پڑتا ۔