ایم ایم پرویز
رام بن//پرانے ضلع ہیڈکوارٹر قصبہ رام بن کے مکینوں نے جموں سری نگر نیشنل ہائی وے کی کیفے ٹیریا موڑ سے کورٹ روڈ تک پرانی سڑک کے ساتھ ساتھ گزرنے والے گندے نالے کو فوری طور پر صاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ رام بن قصبے کے وسط سے گزرنے والی جموں سری نگر نیشنل ہائی وے کی پرانی سڑک کے کام کے دوران نالے بند ہو گئے تھے۔مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ کیچڑ سے بھرے نالے کو بارش کے موسم میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے آئی کے ذریعہ رام بن قصبے میں جموں سری نگر قومی شاہراہ کی پرانی الائنمنٹ کے کام میں مصروف ٹھیکیدار نے ٹورسٹ کیفے ٹیریا، بس اسٹینڈ سے کورٹ روڈ تک کی نالیوں کو مٹی اورپتھروں سے دبا دیا ہے۔مکینوں، دکانداروں اور ڈھابہ کے مالکان کا کہنا ہے کہ نالے سے بدبو نکلنے کی وجہ سے نالہ ایک پریشانی بن گیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ یہ مکھیوں کی افزائش گاہ بھی ہے۔محمد خالد وانی سابق کونسلر وارڈ نمبر 5 نے بتایا کہ کیفے ٹیریا موڑ سے بس سٹینڈ تک کا نالہ کیچڑ سے بھرا ہوا ہے اور کئی جگہوں پر گندگی ہے اگر بارش شروع ہو جائے تو بارش کا پانی مزید پریشانی کا باعث بن جائے گا ۔مکینوں نے مطالبہ کیا کہ بارش کے پانی کے بہاؤ کے لئے نالیوں کی جلد از جلد صفائی کی جائے تاکہ مقامی لوگوں کو کسی قسم کی رکاوٹ اور تکلیف سے بچا جا سکے۔انہوں نے ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل رام بن سدرشن جموال سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلہ پر فوری ایکشن لیں اور گندے نالوں کو صاف کرائیں۔